سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی انتقال فرماگئیں

سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی انتقال فرماگئیں


سلسلہ عظیمیہ نہایت ہی دُکھ کے ساتھ اعلان کرتا ہے کہ سلسلہ عظیمیہ کی نہایت ہی قابلِ احترام سینئر رکن روحانی ڈائجسٹ کی دیرینہ قلمی معاون اور مجلس ادارت کی اعزازی رکن محترمہ سعیدہ خاتون عظیمی بروزاتوار مورخہ 23 مارچ  مانچسٹر  میں رحلت فرماگئیں

انا للہ و انا الیہ راجعون 


مرحومہ سعیدہ خاتون نے طویل عرصہ تک سلسلہ عظیمیہ کے مشن کے فروغ میں نہایت ہی شاندار خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے برطانیہ میں سلسلے کے فروغ میں انتہائی اہم اور سرگرم کردار ادا کیا، اس کے علاوہ یورپ، امریکہ اور کینیڈا میں سلسلہ عظیمیہ کے پیغام کو پھیلانے میں حتی المقدور سعی کی۔ اس ضمن میں پاکستان میں بھی اُن کی خدمات نمایاں ہیں۔ 
سعیدہ خاتون عظیمی کی رحلت سلسلہ عظیمیہ کا بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُر ہونا مشکل ہے۔ مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی نے امام سلسلہ عظیمیہ حضورقلندر بابا اولیائؒ کے ساتھ سعیدہ خاتون عظیمی کی بے پناہ وابستگی، ان کی صلاحیتوں، خدمات اور ایثار کو بہت زیادہ سراہا اور ہمیشہ اُنہیں تحسین اور ستائش سے نوازا۔
سلسلہ عظیمیہ کے اراکین محترمہ سعیدہ خاتون عظیمی سے بے حد عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔ سلسلہ عظیمیہ کی شاندار خدمات و ایثار مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی کے ساتھ والہانہِعقیدت و احترام اور عظیمی بہن بھائیوں کے لئے محبت اور شفقت کی علامت سعیدہ خاتون عظیمی سلسلہ عظیمیہ کے اراکین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
روحانی ڈائجسٹ میں سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی کی تحریریں نہایت دلچسپی اور توجہ سے پڑھی جاتی ہیں۔ سعیدہِخاتون نے تصوف کے اسرار و رموز اور روحانی واردات و کیفیات کو دلچسپ اور آسان اندازِ بیان کے ساتھ سلسلہ وار کہانیوں میں کچھ اِس خوبصورتی سے پُرویا کہ بالخصوص نئی نسل کے قارئین اُن کی سلسلہ وار کہانیوں سے بہت متاثر ہوئے۔ 
اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومہ سعیدہ خاتون عظیمی کو اپنی انتہائی قربتوں سے نوازیں، انہیں نبیِکریمﷺ کے جوارِ رحمت میں جگہ عطا ہو۔ ان کے شوہر، صاحبزادگان، صاحبزادی، بہووں، داماد اور تمام اولاد اور دیگر تمام سوگواروں کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ 
سلسلہ عظیمیہ کے اراکین اور روحانی ڈائجسٹ کے قارئین کرام سے درخواست ہے کہ مرحومہ سعیدہ باجی کے لئے جس قدر بھی ہوسکے ایصال ثواب کا اہتمام فرمائیں۔

روحانی ڈائجسٹ اپریل 2003ء میں شایع ہوئی
Previous Post Next Post

سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی

سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی موجودہ دورمیں خواتین کی روحانی صلاحیتوں کا اورروحانی مشن کی خدمت کرنے والی خواتین کا جہاں بھی ذکر ہوگاوہاں خدادا صلاحیتوں کی حامل پاکستان سے انگلستان میں جابسنے والی ایک محترم خاتون،محترمہ سعیدہ باجی کا نام یقیناً لیاجائےگا۔ محترمہ سیدہ سعیدہ خاتون کی پیدائش بھارت کے شہر ناگپور میں ہوئی۔ قیامِ پاکستان کے بعد اگست 1947 ء میں اپنے والدین کے ہمراہ کراچی آگئیں۔ شادی کے بعد 1961 ء میں آپ انگلینڈ منتقل ہوگئیں اور وہیں مارچ 2003ء میں آپ کا انتقال ہوا۔ مئی1979 ء میں روحانی ڈائجسٹ میں آپ کی روحانی واردات و کیفیات شائع ہونا شروع ہوئیں۔ 1980 ء میں جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے سعیدہ خاتون کوانگلینڈ میں مراقبہ ہال کھولنے اور مراقبہ کرانے کی اجازت دے دی۔ آپ کی سلسلہ وار کہانیاں، منقبتیں، غزلیں روحانی ڈائجسٹ میں متواتر چھپتی رہتی ہیں۔ سلسلہ وار کہانیوں میں ’’خوشبو‘‘، ’’اندر کا مسافر‘‘ اور ’’جوگن‘‘ کتابی صورت میں بھی شائع ہوچکی ہیں۔ قلندر بابا اولیائؒ کے روحانی مشن کی ترویج میں آپ نے سرگرم کردار ادا کیا۔ کچھ عرصہ تک آپ سالفورڈ یونیورسٹی یو۔کے میں بطور وزیٹنگ لیکچرار روحانی علوم کی تدریس بھی کرتی رہیں۔

Post Bottom Ad

Contact Form